پاکستان کا 3 ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ کی جلد تصدیق کیلئے سعودی عرب سے اعلیٰ سطحی رابطہ

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے سعودی عرب اور امارات سے3ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ کی جلد تصدیق کا مطالبہ کیا ہے ،پاکستان فنانسنگ کی جلد تصدیق کے لئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے اعلی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کررہا ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم آفس، دفتر خارجہ اور وزارتِ خزانہ متحرک ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان 3ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ کی جلد تصدیق کا مطالبہ کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق دوست ممالک کی جانب سے اقرار کے باوجود تحریری ضمانت نہیں دی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فنڈز کی تصدیق کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا، آئی ایم ایف ان ممالک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ذریعے فنانسنگ کی تحریری ضمانت مانگ رہا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے تحریری ضمانت کے علاوہ آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسٹاف لیول معاہدے کے 4 ہفتے بعد ممکن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں