محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جب کہ دن کے اوقات میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، اور اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جب کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ کاکول 25، نارووال میں 20، گوجرانوالہ 15 اور استور میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ اسی دوران سب سے زیادہ گرمی مٹھی اور سکرنڈ میں پڑی جہاں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہر قائد میں تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے،آج اور کل کراچی سمیت بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی تیز سمندری ہوائیں چلیں گی، شہر کا مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موسم صاف یا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، چند ایک مقامات پر گہرے بادل بن سکتے ہیں، البتہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، اور شہر میں گرمی کی شدت میں اگلے ہفتے سے واضع طور پر اضافے کا امکان ہے، اس دوران کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں