بیت المقدس، اسرائیلی فوج کا آپریشن،6 فلسطینی گرفتار ، متعدد زخمی
غرب اردن(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل اور بیت المقدس میں صیہونی قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایک بچے سمیت 4 شہری گولیاں لگنے سے زخمی اور دیگر دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے جبکہ قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں 6 شہریوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیت امر قصبے کے داخلی راستے پر تعینات شہریوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیںجس دوران قابض فوجیوں نے شہریوں پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں تین شہری دھاتی گولیوں سے زخمی ہوئے۔ایک بچی کو قابض فوج نے اس وقت گولی مار دی جب وہ العروب کیمپ میں اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہی تھی۔ العروب کیمپ کے داخلی راستے پر قابض فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جس میں قابض فوجی متعدد شہریوں کے گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے، ان پر سنائپرز تعینات کئے اور گولیاں برسائیں اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ اس دوران ایک گولی ایک گھر کے صحن میں کھیلتی بچی کو جا لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔دوسری جانب الخلیل کے جنوب میں مسافر یطا میں چرواہوں کے حملے کے نتیجے میں، ایک شہری کے ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔


