سریاب کے متعدد علاقوں کو ہزارہ ٹاﺅن پولیس تھانے سے منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ضلع صدر کوئٹہ حاجی عطاءمحمد بنگلزئی اور صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار نے نئے بننے والے ہزارہ ٹاﺅن پولیس تھانے کے حوالے سے محکمہ داخلہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تھانے امن و امان قائم رکھنے کے حوالے سے عوامی سہولیات کے مراکز ہے، نیا بننے والا ہزارہ ٹاﺅن تھانہ بھی اسی کا تسلسل ہے مگر وہ علاقے جو عرصے سے سریاب تھانے کے زیر اثر رہے ہیں جن میں جیو جدید، اتحاد کالونی، دہوار کالونی سمیت کرانی روڈ کے ملحقہ علاقے، کلی جیو، کلی سہراب خان، شاہ جی چوک، فیروز آباد، بشیر چوک کشمیرآباد، قمبرانی روڈ و دیگر ملحقہ علاقوں کو نئے بننے والے ہزارہ ٹاﺅن پولیس تھانے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے اس نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن غیر منطقی بنیادوں پر جاری کیا گیا جو علاقائی جغرافیہ بالخصوص کمپیکٹ ایریا سے متصادم ہے۔ اس فیصلے کی وجہ سے پولیس انتظامیہ کی کارکردگی اور عوامی سہولت میں خلل پیدا ہوگا اس حوالے سے متعلقہ علاقے کے عوام میں شدید بے چینی ہے۔ ہم خصوصی طور پر آئی جی پولیس سمیت حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس نوٹیفکیشن کو واپس لیکر پہلے سے موجود سریاب پولیس تھانے کے زیر اثر علاقوں کو بحال کریں۔


