بورے والا، مبینہ دوپولیس مقابلے، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 ڈاکوہلاک
بورے والا(مانیٹرنگ ڈیسک)بورے والا میں مبینہ دوپولیس مقابلوں کے دواران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 ڈاکوہلاک ہو گئے ۔پولیس کے مطابق تھانہ ماچھیوال پولیس کو اطلاع ملی کہ نواحی گائوں 557/ ای بی کے قریب تین ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کو فرار ہوگئے ،ملزمان کی گرفتاری کے لئے دوران ناکہ بندی نواحی گائوں 4/ ڈبلیو بی کے قریب انکا آمنا سامنا ملزمان سے ہوگیا جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی اس دوران انکا ایک اپنا ہی ساتھی فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ،فائرنگ کا تبادلہ 10 منٹ تک جاری رہا، ملزمان اپنے زخمی ساتھی اور دو موٹر سائیکلیں چھوڑ کر رات کی تاریکی میں پیدل فرار ہوگئے ،زخمی ملزم زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا جسکی شناخت بعد میں علی شیر ڈھڈی ولد شکیل ڈھڈی سکنہ 19/ ڈبلیو بی کے نام سے ہوئی جو کہ ڈکیتی و اقدام قتل جیسی وارداتوں میں ملوث تھا دوسرے واقعہ میں تھانہ دانیوال پولیس نے گزشتہ روز جی او آر چوک میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم نفیس کو گرفتار کیا جوکہ فیصل آباد کا رہائشی تھا اسے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش پولیس ریکوری کے لئے لے جارہی تھی کہ شبیر آباد کے قریب تین نامعلوم مسلح ملزمان سے آمنا سامنا ہوگیا جنہوں نے پولیس کی زیر حراست اپنے ساتھی نفیس کو چھڑوانے کے لئے پولیس وین پر فائرنگ کردی جس میں خطرناک ملزم نفیس اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ اسکے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے ہلاک ہونے والا ملزم نفیس مختلف اضلاع میں،قتل،ڈکیتی اور اقدام قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا دونوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔


