کوئٹہ سے عید اسپیشل ٹرین 18 اپریل کو پشاور کیلئے روانہ ہوگی
کوئٹہ (آن لائن) محکمہ ریلوے کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ سے بھی عید اسپیشل ٹرین 18اپریل کو 11بوگیوں پر مشتمل ٹرین صبح 10بجے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے پشاور کیلئے روانہ ہوگی، کوئٹہ ریزرویشن آفس سے عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال مون سون کی بارشوں کے دوران سیلاب سے ریلوے کے گرنے والے پل کی تعمیر کے 7ماہ بعد 15اپریل سے جعفر ایکسپریس ٹرین کوئٹہ سے پشاور کیلئے روانہ ہوگی ،عید کے موقع پر ملک بھر سے 5عید اسپیشل ٹرینیں چلائی جائینگی ، ریلوے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر عید الفطر کے موقع پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ سے بھی لوگوں کو اپنے پیاروں کیساتھ عید منانے کیلئے اپنے گھر جانے کیلئے سفری سہولت مہیا کرتے ہوئے 18اپریل کو کوئٹہ سے 10اکانومی اور ایک پاور پلانٹ سمیت 11بوگیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین پشاور کیلئے روانہ ہوگی مذکورہ ٹرین دوسرے روز پشاور پہنچے گی ، ریلوے حکام کی جانب سے ریزرویشن آفس کوئٹہ سے عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ڈی ایس ریلوے کوئٹہ فرید احمد کی کاوششوں سے 7ماہ بعد مچھ سے جانے والی ٹرین اب 15اپریل سے کوئٹہ سے باضابطہ طور پر روانہ ہوا کرے گی ہرک ریلوے پل کی تعمیر کے بعد ریلوے حکام کی جانب سے مذکورہ پل سے آزمائشی طور پر ٹرین کی آمد و رفت ہو رہی ہے لیکن کوئٹہ سے 15اپریل کو باضابطہ طور پر جعفر ایکسپریس کا صبح 9بجے اپنی منزل کی جانب روانگی کا افتتاح ہوگا تعمیر کیا جانے والا پل گزشتہ سال مون سون کی بارشوں کے بعد سیلابی ریلے سے گر گیا تھا اور کوئٹہ کا اندرون ملک اور دیگر صوبوں سے ریلوے کا زمینی رابطہ کئی ماہ تک منقطع رہا جس کے بعد نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کو بھی سیلاب نے نقصان پہنچایا تھا اس کی بحالی کے بعد ٹرین کو مچھ سے عوام کی سہولت کیلئے شروع کیا گیا اور کوئٹہ سے مسافر بسوں کی ذریعے مسافروں کو مچھ ریلوے اسٹیشن لیجایا جاتا اور واپس لایا جاتا تھا۔


