عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کوئٹہ شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی،کیسکو
کوئٹہ(این این آئی) وزارت توانائی (پاورڈویژن) حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر کو لوڈ شیڈنگ سے مستشنی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں عید الفطرکی تعطیلات کے دوران کوئٹہ شہرمیں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی البتہ کوئٹہ شہرسے باہر صوبہ کے تما م ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور سٹی فیڈروں پر عید کے آج یعنی جمعہ کی شام 7بجے سے ہفتے کی رات12بجے تک کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جس کے بعد اْن علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی فراہم کر دی جائے گی۔ اسی طرح صوبہ میں موجود تمام دیہی وزرعی فیڈروں پر بے بحاشا لوڈہونے کی وجہ سے اْن کوپرانے لوڈمینجمنٹ شیڈول کے مطابق 6 تا8گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے عیداالفطر کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے سلسلے میں سنٹرل کمپلینٹ سیل زرغون روڈ کوئٹہ (081-9201445)کومرکزی مانیٹرنگ وایمرجنسی کنٹرول سینٹر قراردیاہے جوکہ روزانہ تین شفٹ میں 24گھنٹے مسلسل کام کرے گا اورہرشفٹ میں چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹوانجینئرتعینات کردیاگیاہے۔مرکزی مانیٹرنگ وکنٹرول سینٹر صارفین کی جانب سے شہرمیں کسی بھی جگہ بجلی کے منقطع ہونے،انفرادی شکایت موصول ہونے یا فنی خرابی پیداہونے کی شکایت پر کم سے کم وقت میں بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویڑن کو فوری کارروائی کرنے کاپابند بنائے گا۔جس کے بعد ایس ڈی او اور دیگر لائن اسٹاف پر مشتمل عملہ کسی بھی جگہ بجلی کی بحالی کیلئے فوری کارروائی کرے گا۔نیز سنٹرل کمپلینٹ سیل تمام فیڈروں سے بجلی بندش کی مانیٹرنگ اور صورتحال سے متعلق چیف ایگزیکٹو آفیسرکو آگاہ کرتارہے گا۔علاوہ ازیں صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے نمبروں کے علاوہ 118پر ڈائریکٹ کال کرکے یا اپنے موبائل سے 8118پربذریعہ میسج (SMS) بھی اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔واضح رہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اوررسدکے باعث سسٹم پربوجھ بڑھ جاتاہے جس کی وجہ سے ٹرپنگ کامسئلہ بھی درپیش آسکتاہے لہٰذاکیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران غیر ضروری برقی آلات بند رکھیں اور صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں علاوہ ازیں زرعی صارفین بھی اپنے ٹیوب ویل حسب ضرورت چلائیں تاکہ تمام صارفین تک بجلی کی مسلسل فراہمی کویقینی بنایاجاسکے۔


