عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، سردار عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، آج ہم سب اپنی خوشیو ں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں-انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا حقیقی معنی عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا، میرا ایمان ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو اپنے ساتھ لے کر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے اور مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے سے خوشیوں کو چار چاند لگتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا منشور ہے کہ عام آدمی ہی ہماری پالیسیوں کا محور ہے اور وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے عظیم والدین اور اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔


