چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت ہونے چاہئیں پیپلز پارٹی ہر وقت انتخابات کے لیے تیار ہے، پی پی پی
کوئٹہ (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیرمحمد ترین نے کہا ہے کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت ہونے چاہئیں پیپلز پارٹی ہر وقت انتخابات کے لیے تیار ہے،وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم پر بھرپوراعتماد کا اظہار کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کی بالادستی پر کسی بھی قسم کاسمجھوتہ نہیں کریں گی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے آفس میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔خیرمحمدترین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی بھی انتخابات سے نہیں بھاگی ہے الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اس کے فیصلے کو تمام سیاسی جماعتوں کو قبول کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال مزید انتشاراوراسمبلیوں کے الگ الگ انتخابات کی متحمل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، پارلیمنٹ میں جو قانون سازی ہوتی ہے وہی اس ملک کا قانون ہے پارلیمنٹ کے دائرے اختیار میں مداخلت غیر آئینی غیر قانونی ہے،پیپلز پارٹی لیڈر شپ نے جمہوریت کی بحالی پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے قربانیاں دی ہیں انہوں نے کہا کہ فسادی عمران نیازی نے ایک مرتبہ پھرملک کے اندر عجب تماشا لگا رکھا ہے عمران نیازی کا بیانیہ امریکہ سے ہٹ کر اداروں اور اسکے سربراہان کی کردار کشی اور توہین میں تبدیل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ چاروں صوبوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پرایک ہی دن ہوں لیکن پی ٹی آئی اوراسکے سہولت کار الگ الگ اسمبلیوں کے انتخابات کراکے ملک میں افراتفری اورانتشار پیدا کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں جسے پاکستان کے عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


