لاپتہ افراد کے نام پر اختر مینگل نے سیاسی فائدے بٹورے، ہدایت الرحمن کو رہا کیا جائے، جماعت اسلامی

گوادر (بیورو رپورٹ) یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی اور مولانا ہدایت الرحمن کی رہائی کے لئے جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی گوادر کی جانب سے پریس کلب گوادر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں مزدوروں کا دن منایا جارہا ہے لیکن یہاں کا محنت کش طبقہ ماہی گیروں کا ذریعہ معاش غیر قانونی ٹرالرنگ کہ وجہ سے تباہی کا شکار ہے لیکن جب ایک نڈر، بے لوث اور آئینی و جمہوری جدوجہد کرنے والے رہنماءمولانا ہدایت الرحمن نے ماہی گیروں اور معاشرے کے دیگر پھسے ہوئے طبقات کے لئے آواز اٹھائی تو اسے قید میں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ھدایت الرحمن جمہوری سیاسی جدوجہد کا استعارا بن چکے ہیں مولانا کو قید میں سو دن سے زیادہ دن گزر گئے ہیں لیکن عوام کی محبت اور حمایت میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں آئی بلکہ عوام بے تابی سے اپنے رہنماءکی رہائی کے منتظر ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں سے عوام کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ھدایت الرحمن مظلوم، مزدور اور دہقان کی آواز ہیں مولانا نے ماہی گیروں کے روزگار کو بحری قزاقوں سے نجات دلانے کی تحریک کی بنیاد کو مضبوط کیا، لاپتہ افراد کی بازیابی اور شہریوں کو عزت نفس کے ساتھ جینے کا حق دینے کا مطالبہ کیا یہ دن مولانا ھدایت الرحمن کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مولانا ھدایت الرحمن کو قید کرکے مظلوموں کی آواز کو دبایا جائے گا اور ماہی گیروں کے روزگار پر ٹرالر مافیا کو شب مارنے کی اجازت دی جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہوگی۔ مولانا ھدایت الرحمن نے جھکے گیں نہ بکیں گے اور نہ ہی اپنے موقف سے پیچھے ہٹینگے قوم فروشی فینسی قوم پرستوں کا کام ہے جس طرح سردار اختر مینگل نے لاپتہ افراد کے نام پر سیاسی فائدے بٹورے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہماری پرامن اور جمہوری جدوجہد کو پر تشدد بنانے کی ہمیشہ سے دیدہ دانستہ کوشش کررہی ہے لیکن ہم پرامن سیاسی اور جمہوری مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے مقدمات، گرفتاریاں اور قید و بند ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبر کا واقعہ کبھی بھی نہیں بھلایا جاسکتا یہ دن گ?وادر کا سیاہ ترین دن ہے اور اس کے ذمہ دار اپنا چہرہ نہیں چھپا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا ھدایت الرحمن نے مظلوموں اور محکموں کے دل میں گھر کرلیا ہے مولانا ھدایت الرحمن عوام کی دل کی دھڑکن بن چکے ہیں مولانا ھدایت الرحمن رہائی کے بدلے عوامی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے جیل میں بھی ان کے ارادے چٹان کی طرح بلند ہیں۔ مولانا ھدایت الرحمن نے بلوچ قوم کو متحد کرکے مفاد پرست ٹولے کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر کے دن توڑے ہیں ظلم کی سیاہ رات تا دیر قائم نہیں رہ سکتی ماہی گیروں مظلوموں اور محکموں کی آواز مولانا ھدایت الرحمن کو کبھی بھی خاموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا ھدایت الرحمن کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔ مقررین میں جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر مولانا لیاقت بلوچ، حق دوتحریک کے چیئرمین حسین واڈیلہ اور جماعت اسلامی سربندن کے رہنماءاقبال بلوچ شامل تھے جبکہ مظاہرہ کے نظامت کے فرائض شکیل کے ڈی نے اداکیئے۔ مظاہرہ میں جماعت اسلامی اور حق دوتحریک کے کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں