گوادر کنٹانی بارڈر پر کوسٹ گارڈ لوگوں کے کاروبار پر قدغن لگا رہا ہے، ہدایت الرحمن
گوادر (این این آئی) کنٹانی بارڈر پر ضلعی انتظامیہ کی بے بسی واضح ہے، ضلعی انتظامیہ کا کام صرف نوٹیفکیشن کا اجراءرہ گیا ہے باقی تمام اختیارات اب بھی کوسٹ گارڈ کے پاس ہیں، لوگوں کو ان کو جائز روزگار سے روکنے کے لئے ہر روز تنگ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اس کا واضح ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ حق دو تحریک بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کنٹانی بارڈر پر کوسٹ گارڈ کی جانب سے متعدد کائیک اور ان کے سامان پر قبضہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واضح ہے کہ ضلعی انتظامیہ کنٹانی بارڈر کے معاملے پر انتہائی بے بس اور بے اختیار ہے ضلعی انتظامیہ کا کام صرف نوٹیفکیشن کا اجراءرہ گیا ہے باقی تمام معاملات میں اب بھی کوسٹ گارڈ با اختیار ہے.بجائے پولیس یا لیویز کے کوسٹ گارڈ کی کشتیوں کے خلاف کارروائی اس کا ثبوت ہے مولانا نے کہا جب کائیک میں منشیات اور دیگر غیرقانونی اشیاءموجود نہیں تو ان کے پکڑ دھکڑ کا کیا جواز ہے، یہ تو سیدھا سیدھا غنڈہ گردی اور لوگوں کے کاروبار پر قدغن ہے اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اس بات کو واضح کرتا ہے کہ اس کے اختیارات صفر ہیں مولانا نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر غریبوں کو تنگ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا سلسلہ جاری رہا تو کنٹانی بارڈر پر کائیک مالکان غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کا اعلان کریں گے۔


