اسپیکر قومی اسمبلی کا ایوان اور قائمہ کمیٹی قانون کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان اور قائمہ کمیٹی قانون کا ریکارڈ فوری طور پر سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار کردیا، ریکارڈ فراہمی کا فیصلہ ایوان کی بنائی گئی خصوصی کمیٹی کرے گی، اٹارنی جنرل آفس کو واضح جواب دیدیا گیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی قانون و انصاف سے منظوری کے دوران ہونے والی کاروائی کا ریکارڈ عدالت عظمی کو دینے سے فوری انکار کردیا ہے، اسمبلی سیکرٹریٹ نے اٹارنی جنرل آفس کو آگاہ کیا ہے کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان زیریں کے مطالبہ پر ریکارڈ کی فراہمی کا معاملہ خصوصی کمیٹی کے حوالے کردیا ہے، اسلم بھوتانی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کا آج منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں اجلاس ہوگا جس میں کمیٹی اسپیکرکو سفارش کرے گی کہ ایوان اور قائمہ کمیٹی کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو دیا جائے یا نہیں، اس کمیٹی میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چوہدری محمد برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر ، سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد حسین مگسی، وجیہ قمر اور ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ شامل ہیں، اسی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ر ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے، کمیٹی کی سفارش پر ہی اسپیکر راجہ پرویز اشرف اپنی حتمی رائے قائم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں