سیستان بلوچستان کے علاقے سراوان میں نامعلوم مسلح افراد سے جھڑپ، 6 ایرانی اہلکار ہلاک
چاغی (آن لائن) پاکستان کے صوبے بلوچستان سے ایران میں مبینہ طور پر در اندازی کی کوشش کی گئی ہے۔ اس دوران جھڑپ میں ایرانی فورسز کے چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ جھڑپ ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان میں ہوئی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایرانی صوبے سیستان کے علاقے سراوان میں ہونے والی جھڑپ میں کچھ ایرانی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ایران کا صوبہ سیستان پاکستانی صوبے بلوچستان کے ساتھ واقع ہے جو کہ ایرانی دارالحکومت تہران سے 850 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد زخمی ہونے والے در اندازوں کے ساتھ علاقے سے فرار ہو گئے۔اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔رپورٹس کے مطابق دو سرحدی محافظ جھڑپ میں زخمی بھی ہوئے جب کہ اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ پر نہیں ڈالی گئی اور نہ ہی کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ ایران کا سب سے کم ترقی یافتہ علاقہ ہے ۔


