ٹیچنگ اسپتال پنجگور میں ڈاکٹروں، ادویات اور سہولیات کا فقدان، حق دو تحریک اور سول سوسائٹی کا دھرنا

پنجگور (نامہ نگار) ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں ڈاکٹرز کی کمی اور ادویات سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کیخلاف حق دو تحریک اور سول سوسائٹی پنجگور کی جانب سے احتجاجی دھرنا۔ دھرنے میں پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کے رہنماو¿ں کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق حق دو تحریک اور سول سوسائٹی پنجگور کی جانب سے ٹیچنگ اسپتال پنجگور اور 50 بیڈڈ اسپتال خداباداں میں ڈاکٹرز کی کمی ادویات اور دیگر سہولیات کے فقدان کیخلاف ٹیچنگ ہسپتال پنجگور کے میں گیٹ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے سے حق دو تحریک کے آرگنائزر ملا فرہاد، سول سوسائٹی پنجگور کے صدر صمد صادق، پاکستان پیپلز پارٹی مکران ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شاہ حسین آغا، ممتاز سماجی شخصیت عادل ارباب، حق دو تحریک کے ڈپٹی آرگنائزر حافظ سراج احمد پنجگور کے ممتاز صحافی عمر ماجد سول سوسائٹی پنجگور کے ڈپٹی آرگنائزر عمر جان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور ہسپتال کو ٹیچنگ اسپتال کا نام دینا بھی ٹیچنگ ہسپتال کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑتال ہے کہ پنجگور میں گزشتہ 30 سال سے دو جماعتیں حکومت کرتی آرہی ہیں مگر ہسپتال کی بہتر ی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ اسپتال پنجگور میں نہ ڈاکٹرز موجود ہیں اور نہ ہی ادویات اور دیگر سہولیات۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور کے مریضوں کو معمولی علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یکم جون تک ٹیچنگ ہسپتال پنجگور میں ڈاکٹرز کی تعیناتی اور ادویات دیگر سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو حق دو تحریک سول سوسائٹی پنجگور کے عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج کرے گا جس میں ہسپتال کے آفیس سے لیکر تمام شعبہ جات کی تالہ بندی کرے گی صرف انسانی ہمدردی کے تحت شعبہ ایمرجنسی کو کھلنے دینگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں