ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے گوادر کو ٹیکس فری زون کا درجہ دیا جائے، سینیٹر روبینہ خالد
گوادر (انتخاب نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیرز کا اجلاس بدھ کے روز گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔ اجلاس میں سینیٹر نزہت صادق، سینیٹر کہدہ بابر سنیٹر دوست محمد، سینیٹر عابدہ محمد عظیم، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمٰن قمبرانی نے سنیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تزویراتی مقام پر واقع گوادر کو ایک نئے ترقی یافتہ بندرگاہی شہر میں تبدیل کردیا گیا ہے، جو علاقائی رابطے کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اپنی قدرتی گہری سمندری بندرگاہ کے ساتھ گوادر دنیا کی نقشہ پر ایک نئی معاشی و سیاحتی منزل کے طور پر ابھر رہا ہے جس سے نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ وسطی ایشیا، مشرقی ایشیا، روس اور وسیع تر یوریشین خطہ بھی مستفید ہوگا۔ ماسٹر پلان کے تحت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی جی ڈی اے ٹیکس فری اسٹیٹس کے ساتھ ایک خصوصی اقتصادی ضلع اور پچیس سو ایکڑ پر مشتمل سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ یعنی ڈاﺅن ٹاو¿ن بنانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وہی فوائد اور مراعات فراہم کرنا ہے، جو دنیا بھر کے خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جی ڈی اے نے نہ صرف گوادر کی بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دے کر اقتصادی منصوبوں کی تکمیل کی ہے بلکہ بے شمار عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات زندگی کے منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سرانجام دی ہے، جس میں اسکول، ہسپتال، پانی، بجلی، روڈز، پارکس، سیوریج، گراو¿نڈز، ماہی گیروں کےلئے جیٹیز، فشرمین کالونی، آثار قدیمہ کی تعمیر و تحفظ سمیت سیر سیاحت کے کئی منصوبے بھی شامل ہیں جس میں مقامی لوگ برائے راست مستفید ہورہے ہیں۔ چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر روبینہ خالد اور سنیٹر کہدہ بابر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی اپنی حتمی سفارشات میں وفاقی حکومت سے گوادر کو فوری اور عملی طور پر ٹیکس فری کا درجہ دینے کا مطالبہ کریگی۔ تاکہ گوادر معاشی اور سیاحتی لحاظ سے علاقائی و عالمی توجہ کا مرکز بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات نے شہر کی بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں پر کام کی ہے جو کہ قابل تعریف ہیں۔ گوادر شہر کی تعمیر و ترقی اور مقامی لوگوں کی فلاح وبہبود معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مزید منصوبوں کی ضرورت ہے جس کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے فنڈز کی فراہمی کیلئے سفارش کی جائیگی۔ تاکہ گوادر ہر طرح سے ایک بین الاقوامی شہر کا تصور پیش کرے۔


