بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اجلاس،متعلقہ شراکت داروں کا اجلاس،

کو ئٹہ:صوبائی وزیر خوراک و ڈپٹی چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی سردار عبدالرحمن کھیتران کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجٹ تخمینہ 2019-20، گریڈ 16 اور اس سے اوپر کی آسامیوں پر بھرتی کیلئے بی ایف اے ایچ آر کمیٹی کو برقرار رکھنے،جبکہ 1 تا 15 گریڈ کی آسامیوں پر بھرتی کیلئے بی ایف اے ریکروٹمنٹ کمیٹی تشکیل دینے، پانچ مختلف محکموں سے بی ایف اے کو ہیومن ریسورسز کی فراہمی,سیکرٹری ساحلی ترقی وماہی گیری کو ممبر بی ایف اے بنانے سمیت مختلف امور کی منظوری دی گئی۔سیکرٹری زراعت قمبردشتی کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری پی ایچ ای، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز،ایڈیشنل سیکرٹری لائیوسٹاک، ایڈیشنل سیکرٹری خوراک، سا بق ڈی جی زراعت (ریسرچ) ڈاکٹر جاوید اقبال ترین،پراگریسیو فارمر قلعہ عبداللہ،صدر انجمن تاجران بلوچستان،اور صدر ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس اونرز ایسوسی ایشن نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ نے اتھارٹی کے مختلف امور اور ان پر پیشرفت،اجلاس ایجنڈا اورا تھارٹی کی جانب سے مضر صحت اشیاء خوردونوش کی روک تھام کے لیے کوئٹہ شہر اور مختلف اضلاع میں کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اور ڈپٹی چیئرمین بی ایف اے سردار عبدالرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا قیام اور فعالی عام لوگوں سمیت تاجروں اور کھانے پینے کے اشیاء کا کاروبار کرنے والوں کے بہترین مفاد میں ہے کیونکہ مارکیٹ سے ملاوٹ شدہ و غیر معیاری مصنوعات کے خاتمے سے صحیح کاروبار کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ لوگوں کو خالص و معیاری خوراک میسر ہوگی صوبائی وزیر نے کہا کہ بی ایف اے کے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی عوام کو فراہمی کے لئے اقدامات قابل تحسین ہیں اور اس ضمن میں جدید تقاضوں کے مطابق غذائی اشیاؤ ئ کی جانچ پڑتال سے یقیناً لوگوں کو معیاری و محفوظ اشیاء کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جو کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی سائنٹفک لیب کے قیام کے منصوبے کو پی ایس ڈی پی 2020-2021 میں شامل کرنے اور فوڈ بینک قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس سے اضافی کھانا مستحقین تک پہنچانے کا خصوصی نظام وضع کیا جائے گا جبکہ بی ایف اے کھانا محفوظ طریقے سے مستحق لوگوں تک پہنچانے اور کلیکشن و ترسیل کا میکنزم طے کرے گی۔مزید برآں صوبائی وزیر و ڈپٹی چیئرمین بی ایف اے سردار عبدالرحمن کھیتران اور اجلاس میں شریک ممبران نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اتھارٹی کو مزید متحرک کرنے کے لیے اقدامات اور اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں