بلوچستان اسمبلی لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے، کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، نیشنل پارٹی

کوئٹہ: نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پٹ فیڈر کینال کی ناقص بھل صفائی پانی کی غیر منصفانہ تقسیم شگافوں کو تاحال پر نہ کرنے اور بھل صفائی کے فنڈ میں میگا کرپشن کیخلاف نیشنل پارٹی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرہ سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 2018ءکے انتخابات میں ٹھپہ ماری کے ذریعے تاریخ کا بدترین سرکار مسلط کیا گیا جس کی بدولت آج بلوچستان کسمپرسی کا شکار ہے ہر طبقہ فکر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں ان ہی کرپٹ عناصر کی وجہ سے آج بلوچستان اسمبلی اپنی وقعت کھو چکی ہے، اپوزیشن نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، پوری اسمبلی لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے، ایم پی اے اور وزیر خود ٹھیکیداری کررہے ہیں، پٹ فیڈر کی جس نہر سے ان کی اپنی زمینیں سیراب ہوتی ہیں اسی کینال کی بھل صفائی کے پیسے بھی ہڑپ کررہے ہیں، 12 کروڑ روپے ایندھن کے نام پر بغیر ٹینڈر نکالا گیا ہے، مزید کروڑوں کی رقم بھی بغیر ٹینڈر ہڑپ کی جارہی ہے، جس کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کی اسامیوں کا سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے ذریعے سودا لگایا جارہا ہے، ان اسامیوں پر تعیناتیاں روک کر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے شفاف بھرتیاں کی جائیں۔ مظاہرین سے نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان اسلم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے بلوچستان برائے فروخت ہے، ریکوڈک کا سودا کرنے کے بعد اب پہاڑ، پارک، بنجر زمینیں، پلاٹ الاٹ اور لیز کرانے میں سارے ایم پی اے لگے ہوئے ہیں، بلوچستان کو کنگال کرنے کے بعد اب نصیر آباد جعفر آباد گرین بیلٹ کو صحرا بنانے کی تگ و دو میں ہیں، نہروں کی صفائی کے سارے پیسے ہڑپ کیے جارہے ہیں، ان کیخلاف نیشنل پارٹی نے بلوچستان ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے، اگر ہمیں انصاف نہیں ملا تو پٹ فیڈر پل پر دھرنا دیکر احتجاج بھی کیا جائیگا۔ مظاہرے سے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ، راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر حاجی عطامحمد بنگلزئی عبدالرسول بلوچ میران بخش بلوچ علی احمد لانگو بی ایس او پجار کے مرکزی رہنما نعیم بلوچ کلثوم نیاز اور عبدالغنی بلوچ نے بھی خطاب کیا۔مظاہرین نے جناح روڈ پر احتجاجی جلوس بھی نکالا، کرپشن، اقربا پروری اور اسامیوں کی خرید و فروخت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں