کوئٹہ ائرپورٹ مین رن وے کی اپ گریڈیشن سے تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مین رن وے کی اپ گریڈیشن اور فعالی پر اظہار مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس اہم منصوبے کی تکمیل پر سول ایوی ایشن کو مبارکباد دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ایئرپورٹ منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ارب روپے کی لاگت سے تعمیر رن وے جدید ترین ائرفیلڈ لائٹنگ سسٹم سے لیس ہے اب کوئٹہ میں بوئنگ 777 اور اس کے مساوی جہاز ہر قسم کے موسم (دن/رات) میں اتر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اپنے جغرافیائی محل و وقوع کے حوالے سے اہم شہر ہے ایران اور افغانستان کے قریب واقع ہونے سے کوئٹہ کی اہم تجارتی اہمیت ہے اوربڑے جہازوں کی لینڈنگ کی سہولت سے صوبے میں تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کو منصوبے کی تکمیل سے فضائی سفر کی بہتر سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے سمیت دیگر فضائی کمپنیاں بھی کوئٹہ سے اپنی پروازوں میں اضافہ کرینگی۔


