خضدار، آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص، پشین میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق
خضدار، دالبندین، پشین (آن لائن) بلوچستان مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہوگئے۔ وڈھ کے علاقے مروگر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق۔ وڈھ کے دیہی علاقہ مروگر میںآ سمانی بجلی گرنے سے فیض اللہ نامی شخص جاں بحق ہوگیا، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ علاوہ ازیں دالبندین میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق یونین کونسل چلغازئی کے علاقے میں ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کردیا،38 سالہ لواری اور 40 سالہ غلام نبی کو دالبندین پرنس فہد ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ یاد رہے عوامی حلقوں نے ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ضلع کے اندر امن وامان کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، ضلع میں آئے روز چوری اور ڈاکہ زنی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے مگر ضلعی انتظامیہ چینی اور یوریا کھاد پکڑنے میں مصروف ہے، ضلع میں چوروں اور ڈاکوﺅں کو پکڑنا صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے۔ دریں اثنا پشین کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی ہوگئے۔ پشین کے علاقے کلی دل سورہ خانوزئی کے مقام پر تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ظہور احمد موقع پر جاں بحق اور اس کے 2 ساتھی زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کے ہسپتال منتقل کیا گیا، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔


