کئی سال بعد یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں پرنسپل کی تعیناتی میرٹ پر عمل میں آ رہی ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ کئی سال بعد یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں پہلی مرتبہ پرنسپل کی تعیناتی باقاعدہ اور شفاف میرٹ پر عمل میں آ رہی ہے کیونکہ اداروں میں میرٹ کی پاسداری سے ادارے مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لا کالج کو عملا ایک مکمل یونیورسٹی کی سطح پر ترقی دینے اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی لا کالج کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین اور پرنسپل یونیورسٹی لا کالج شمس اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یونیورسٹی لا کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، ادارہ سے متعلق بریفنگ کی۔ اسٹوڈنٹس کے ساتھ گھل مل گئے، درپیش مسائل ومشکلات دریافت کیے اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ شرکا سے خطاب کے موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ بااحساس اور باشعور افراد محض تنخواہ کی خاطر نہیں بلکہ ایک مقصد کے تحت زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے لا اسٹوڈنٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک اور صوبے کے مسقبل کے وکیل ہیں لہذا یہاں بہتر تعلیم و تربیت کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ بہت جلد لا اسٹوڈنٹس کی فکری رہنمائی اور جدیدیت سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مختلف سیمنار اور دیگر تقریبات کا اہتمام کریں گے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹی لا کالج کی پچاس برس سے زائد کارکردگی کو اس تناظر میں جانچنے اور پرکھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ادارہ کس حد تک اتنے لمبے عرصے میں معاشرہ میں جرائم کی کمی اور عوام میں احساس ذمہ داری کی بڑھوتری پر اثر انداز ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج کی ترقی یافتہ دنیا میں وکلا کیلئے نت نئی ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل سے استفادہ کریں۔ اساتذہ کرام اور لا اسٹوڈنٹس کے مطالبات کے جواب میں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی لا کالج میں ٹرانسپورٹ، آڈیٹوریم، موٹ کورٹ روم، ڈیجٹل لائبریری اور ہاسٹل کے قیام کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یونیورسٹی لا کے احاطے میں اکیڈمک بلاک کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔


