ضلع کونسل کیچ کے الیکشن میں غیر سیاسی عناصر کا راستہ روکنا ہوگا، ڈاکٹر مالک
تربت: نیشنل پارٹی کے سربراہ بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کیچ کے مجوزہ الیکشن میں غیر سیاسی عناصر کا راستہ روکنا یہاں کے سیاسی و جمہوری قوتوں کے لیئے قومی ذمہ داری بن چکی ہے نیشنل پارٹی اور ہمارے اتحادی کیچ میں دیگر سیاسی جمہوری قوتوں کیساتھ اشتراک عمل کا خواہاں ہے تاکہ سیاسی قوتوں کی طاقت کو یکجا کرتے ہو غیر سیاسی عناصر کے سامنے جمہوری مزاحمت کا علم بھرپور انداز میں بلند کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنی رہائش گاہ میں پارٹی سے منسلک یونین کونسلز کے چیرمینز اور سینئر ساتھیوں کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکران بلوچستان کی ترقی پسندانہ سیاسی افکار کا روشن چہرہ ہے جو ہمارے لیئے کسی اعزاز اور شرف سے کم نہیں، یہاں کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں بلوچستان کے اس روشن چہرہ کو داغدار ہونے کے عمل کے سامنے جمہوری مزاحمت کا علم بلند کرینگے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے قاہدین سے انکی گفت و شنید ہوئی ہے ، نیشنل پارٹی بشمول اتحادیوں اور بی این پی مینگل بشمول اتحادیوں مشترکہ نشست منعقد کرکے ضلع کونسل کیچ کے مجوزہ الیکشن میں اشتراک عمل کا فارمولہ طے کرینگے۔


