وزیر اعظم فیڈرل پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ کو فعال کرنے کا وعدہ پورا کریں، میڈیاسٹیک ہولڈرز
اسلام آباد(صباح نیوز)میڈیا کے اہم سٹیک ہولڈرز نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیڈرل پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ ،جو کہ2021میں پاس کیا گیا تھا، کو فعال کرنے کے اپنے زیر التوا وعدے کو فوری طور پر پورا کریں تاکہ صحافیوں کو اپنے خلاف ہونے والے جرائم سے مقابلہ کرنے کی اجازت مل سکے۔ یہ اپیل پاکستان جرنلسٹس سیفٹی کولیشن (پی جے ایس سی)کے فیڈرل چیپٹرکے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کی گئی، جو کہ صحافیوں کے نمائندہ اداروں، قومی اور بین الاقوامی میڈیاتنظیموں ، انسانی حقوق کمیشنز، ڈیجیٹل رائٹس گروپس، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سیاسی جماعتوں کے علاوہ دیگر تنظیموں پر مشتمل ہے ۔ پاکستان جرنلسٹس سیفٹی کولیشن نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے وفاق اور سندھ کی قانون سازی کے عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کروایا ، جس نے پاکستان کو دنیا کا پہلا ملک بنا دیا جس نے صحافیوں کے تحفظ کے حوالہ سے خاص طور پر قانون سازی کی جس کا ذکر اقوام متحدہ کے صحافیوں کے تحفظ اوردیگر مسائل کے حل کے حوالہ سے پلان آف ایکشن میں ہے۔ اس وقت پی جے ایس سی صحافیوں اوردیگر میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لئے سندھ کمیشن کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ پی جے ایس سی کے اجلاس میں ملک میں صحافیوںکو ڈرانے اوردھمکانے کے حوالہ سے جاری لہر اور سابقہ اور موجودہ دونوں حکومتوں کی جانب سے میڈیا اور آزادی اظہار سے متعلق قوانین اور ضوابط کو مزیدخوفناک بنانے کی بار بار کوششوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 2021 میں منظور ہونے والے فیڈرل پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ کی منظوری کے بعد سے اب تک درجنوں صحافیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اغوا کیا گیا ہے،ان پرحملہ کیا گیا ہے اورانہیں زخمی کیا گیا ہے تاہم سیفٹی کمیشن کی عدم موجودگی میں وہ اس سے مستفید نہیں ہو سکے۔ اجلاس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ عمران خان اور شہباز شریف دونوں کی حکومتیں قانون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کمیشن کو نوٹیفائی کرنے اور چیئرپرسن کا تقرر کرنے میں ناکام رہی ہیں۔اجلاس میں دیگر کے علاوہ، پی جے ایس سی فیڈرل چیپٹر کے چیئرپرسن، سینئر صحافی، کالم نگاراوراینکرپرسن حامد میر، چیئرپرسن برائے پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق چوہدری شفیق، نیشنل پریس کلب کے نمائندے سعید احمد، ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نمائندہ مائرہ عمران، ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف پاکستان کے نمائندے عدنان عامر، الائنس فار ڈائیورسٹی کے نمائندے محمد آفتاب عالم، فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک اور انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ کے نمائندے عدنان رحمت نے شرکت کی۔ZS


