عوام شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے بلدیہ عملے سے تعاون کریں، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ
کوئٹہ (این این آئی) ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کوئٹہ عصمت اللہ بازئی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ملازمین نے سینکڑوں جانوروں کی الائشیں اٹھاکر ٹھکانے لگائیں اسکے علاوہ عید کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عصمت اللہ بازئی نے کہا کہ سیکرٹری بلدیات دوستین جمالدینی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لوکل گورنمنٹ نے عیدالاضحی کے موقع پرلوکل گورنمنٹ کے زیر کنٹرول علاقوں میں واقع عید گاہوں کے آس پاس صفائی کے خصوصی انتظامات کررکھے تھے جبکہ عیدالاضحی کے دوران صفائی کو یقینی بنانے کیلئے عملے نے دن رات ایک کرکے سینکڑوں جانوروں کی الائشوں کو اٹھاکر ٹھکانے لگایا ۔انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی الائشیں ٹھکانے لگانے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ملازمین نے جانفشانی سے کام کیا اور شہر میں گندگی پھیلنے سے روکی جس پر عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کوبھی چاہئے کہ وہ کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے مخصو ص جگہوں پر رکھیں تاکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کا عملہ کچرے کو بروقت اٹھاکر ٹھکانے لگاسکے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے بھی صفائی کو نصف ایمان قراردیاہے اس لئے ہمیں چاہئے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ تعاون کریں۔


