پنجاب بھر سے 36 ہزار 545 افغان سمیت غیر قانونی مقیم افراد بے دخل کردیے گئے، پولیس ترجمان
لاہور (آن لائن) پنجاب بھر سے تارکین وطن غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے اور اب تک پنجاب بھر سے 36 ہزار 545 افغان سمیت غیر قانونی مقیم افراد بے دخل کیے گئے ہیں جن میں 14 ہزار 614 مرد، 7234 خواتین، 14 ہزار 697 بچے شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر سے 36 ہزار 545 افغانوں سمیت مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کرچکی ہے جبکہ 504 افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 14 ہزار 614 مرد، 7234 خواتین، 14 ہزار 697 بچے شامل ہیں جبکہ ڈی پورٹ ہونے والوں میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 11124، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 11137، غیر قانونی مقیم 14284 غیر ملکی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے تاکہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے۔


