بلوچستان کی قلیل اور منتشر آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی چیلنج ہے، عبدالولی کاکڑ

کوئٹہ (یو این اے) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے پاکستان میں تعینات اقوام متحدہ کے کنٹری نمائندہ برائے پاپولیشن پروگرام (Dr. Luay Shabaneh) نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی قلیل مگر منتشر آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے دورافتادہ اضلاع میں شدید غربت، پسماندگی اور بنیادی سہولیات کے عدم موجودگی کی وجہ سے مقامی لوگ شہروں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بات باعثِ تشویش ہے کہ اس تیز رفتار سائنسی دور میں بھی بلوچستان میں دورانِ زچگی ماﺅں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ غریب عوام کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ غربت ہے۔ ضروری ہے کہ تمام سرکاری اور انٹرنیشنل ادارے دورافتادہ اضلاع کے غریب عوام پر ہی اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات کے حوالے سے بھرپور عوامی مہم چلانے میں بلدیاتی نمائندوں، علما کرام اور میڈیا پرسنز کو اپنے ساتھ شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع صحت، تعلیم اور جدید مہارتیں سکھانے کے حوالے سے عالمی اداروں کی فوری مالی معاونت اور جدید مشینری کی فراہمی مددگار ہو سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں انٹرنیشنل ادارے اپنے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے اپنی سرگرمیوں کو بلوچستان کے تمام اضلاع تک وسعت دیں۔ ملاقات میں بڑھتی ہوئی آبادی، خاندانی منصوبہ بندی، غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی، زچہ و بچہ کی صحت مندی، دیہی علاقوں میں عوامی کی شہروں کی جانب منتقلی، افغان مہاجرین کی رجسٹریشن، نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے اور بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں