5 جولائی ہماری تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر نقش ہے،شیری رحمان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ 5جولائی کا دن ہماری تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر نقش ہے، 5 جولائی1977 کے اس اندوہناک دن پر رونما ہونے والے واقعات نے ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا اور ہماری قوم پر گہرا اثر ڈالا۔ یہ وہ افسوسناک دن تھا جب لوگوں کی جمہوری امنگوں کا گلا گھونٹ دیا گیا۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے بدھ کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب اور آئینی حکومت کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والے اثرات سے ملک آج تک نہیں نکل پایا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور سماجی انصاف کی انتھک جستجو عوام میں آج تک گونج رہی ہے کیوں کہ پاکستان کی ترقی میں ان کی شراکتیں بے مثال ہیں۔ جمہوریت میں ان کا غیر متزلزل یقین اور عام آدمی کو بااختیار بنانے کا عزم ہم سب کے لیے رہنمائی اصول کا کام کرتا رہے گا۔شیری رحمان نے کہا کہ آج کے دن ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور تمام ان لوگوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے آئین اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کی اور بہت بڑی قیمت ادا کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی ایک ایسا جمہوری معاشرہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی جہاں آئینی اقدار پروان چڑھیں، جہاں لوگوں کی آواز سنی جائے اور جہاں انصاف سب کی رسائی ہو۔ مجھے یقین ہے کہ ایک مضبوط جمہوریت اور آئین کو برقرار رکھ کر ہم اپنی قوم کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل بنا سکتے ہیں۔


