بھارتی ریاست تلنگانہ میں ہندو تنظیموں کے ارکان کا مسجد پر پتھراﺅ، نوجوان پر تشدد
حیدر آباد ( آن لائن) بھارتی ریاست تلنگانہ کے قصبے گجویل میں ہندو تنظیموں کے ارکان نے ایک مسلمان نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا اورایک مسجد پر پتھراﺅ کیاجس کی وجہ سے علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندوتوا تنظیموں کے ارکان سڑکوں پر نکل آئے اور جے شری رام کے نعرے لگائے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ضلع سدی پیٹ کے قصبے گجویل میں ہندوﺅں کا ایک گروپ ایک مسجد پر پتھراﺅ کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ مسجد کے دروازے پورے ہنگامے کے دوران بند رہے۔ سدی پیٹ کے پولیس کمشنر این شویتا نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے اس واقعے میں ملوث 5 افراد کی شناخت کرلی ہے جنہیں جلد گرفتارکر لیا جائے گا۔گجویل میں اس وقت کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے جب پیر کی رات ہندو تنظیموں نے ایک مسلمان پر چھترپتی شیواجی کے مجسمے کے قریب پیشاب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس سے پریڈ کروائی۔ ہندو تنظیموں نے منگل کو اس واقعے کے خلاف ہڑتال کی کال دی تھی۔ اگرچہ اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا لیکن اس سے علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی اورجھڑپیں ہوئیں۔واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں نے گشت بڑھا دیا اور سکیورٹی سخت کردی۔


