روس کے علاقے سائبیریا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، طیارے میں سوار تمام 17 افراد ہلاک

سائبیریا(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے خطے سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔روسی میڈیا کے مطابق طیارے کی شناخت An-12 کے طور پر کی گئی ہے جس میں 17 افراد سوار تھے۔ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔کیمیروو کے گورنر ایلیا سیریڈیوک نے سماجی رابطے کی ایپلیکیشن ‘ٹیلی گرام’ پر بتایا کہ ضلع یاگونوو میں ایک ’فضائی حادثہ‘ پیش آیا ہے۔حکام ہر ممکن ضروری امداد فراہم کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کے محرکات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔روسی وزارتِ دفاع نے تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں