وڈھ میں بی این پی رہنماﺅں نے میرے گھر اور قیمتی چیزوں پر قبضہ کرلیا، جانی تحفظ فراہم کیا جائے، متاثرین کا مطالبہ
کوئٹہ (این این آئی) لانگو قومی اتحاد کے ضلعی سینئر نائب صدر میر عبد الصمد لانگو نے کہا ہے کہ وڈھ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے میرے گھر اور قیمتی چیزوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور اب ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس سے مطالبہ ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو محمد اکرم لانگو، عبدالرشید لانگو، امان اللہ لانگو کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت ہر شخص کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت میں رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 جولائی کو بی این پی کے رہنماﺅں کی جانب سے رات گئے میرے گھر کا تالا توڑ کر گھر اور گھر میں موجود قیمتی سامان پر بھی قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر وڈھ کو آگاہ کرچکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 4 جولائی کو دوسری مرتبہ میری دوسری رہائشگاہ جہاں میری فیملی رہائش پذیر ہے وہاں آکر مجھے اغواءکر نے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ تمام واقعات سے متعلق پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر وڈھ کو آگا کرچکا ہوں لیکن شنوائی نہیں ہورہی۔ انہوں نے گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی، وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے بصورت دیگر ہم وزیراعلیٰ بلوچستان ہاﺅس کے سامنے بھوک ہڑتال کیمپ میں بیٹھ جائیں گے۔


