ترک صدر نے یوکرین کو نیٹو ممبرشپ کا حقدار قراردیدیا
انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے یوکرین کو نیٹوممبرشپ کا حقدار قراردیدیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ نے نیٹو کی ممبر شپ کے لیے یوکرین کی حمایت کی ہے اور اس سلسلے میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودومیر زیلنسکی کو بھی اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ تاہم رجب طیب اردوان نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امن اقدامات کی واپسی کے لیے زور دیا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ سال سے جاری جنگ کو تقریبا 500 روز گزر چکے ہیں جس میں متعدد عام شہری جان سے جا چکے ہیں۔ یوکرین کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ترک صدر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یوکرین نیٹو ممبر شپ کا حقدارہے، تاہم دونوں ملکوں کوامن مذاکرات کی طرف لوٹنا چاہیے۔ طیب اردوان نے کہا ہے کہ ایک منصفانہ امن کوئی شکست پیدا نہیں کرتا۔


