یوکرین کو امریکی کلسٹر بموں کی فراہمی کو روس اور اقوام متحدہ نے عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

ماسکو، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے یوکرین کو کلسٹر بموں کی فراہمی کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نسل کشی کا راستہ اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔روسی خبر ایجنسی آر آئی اے نووستی کے مطابق ریاستی ڈوما کمیٹی برائے بین الاقوامی امور کے چیئرمین لیونید سلوتسکی نے کہا کہ امریکی فیصلہ نسل کشی کا براہ راست راستہ ہے اور اسے اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مستقبل میں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سلوتسکی نے کہا کہ روس اس کا مناسب جواب دے گا، اور اس نے اپنے فوجی یونٹوں کو دشمن کی طرف سے کلسٹربموں کے ممکنہ استعمال کے بارے میں مطلع کیا ہے۔ امریکہ نے گزشتہ روز یوکرین کو کلسٹر بموں کی منتقلی کے فیصلے کا اعلان کیا تھا جس پر123 ممالک کی جانب سےتوثیق کردہ بین الاقوامی کنونشن کے ذریعے پابندی عائد ہے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع میں کلسٹر گولہ باری کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔ہفتہ کے روز میڈ یا رپورٹ کے مطا بق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کلسٹر ہتھیاروں کے اس کنونشن کی حمایت کرتے ہیں جسے 15 سال قبل منظور کیا گیا تھا۔ انہیں امید ہے کہ تمام ممالک اس کنونشن کی شرائط کی پابندی کریں گے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نہیں چاہتے کہ روس یوکرین تنازع میں کلسٹر گولہ بارود کا استعمال ہو۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سے یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود کی فراہمی کی منظوری کے حوالے سے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا تھا کہ کلسٹر گولہ باری کے کنونشن پر نیٹو کا کوئی متفقہ موقف نہیں ہے۔ نیٹو کے ارکان مذکورہ کنوینشن اور یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود کی فراہمی پر مختلف موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو ارکان نے یوکرین کو فوجی امداد کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے تاہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کی مخصوص اقسام کا تعین ہر رکن ریاست کو کرنا چاہیے۔2008 میں دستخط کیے گئے "کلسٹر گولہ بارود کے کنونشن” میں واضح طور پر کلسٹر گولہ بارود کے استعمال، اسے ذخیرہ کرنے، اس کی پیداوار اور منتقلی کی ممانعت ہے۔ اب تک 120 سے زائد ممالک اس کنونشن پر دستخط کر چکے ہیں تاہم امریکہ سمیت نیٹو کے 8 رکن ممالک نے ابھی تک اس پر دستخط نہیں کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں