یوٹیلٹی اسٹورز کا جہانگیر ترین سمیت شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد,یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور دیگر شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شوگر ملز مالکان سے ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کیلئے کابینہ سے خصوصی اجازت لی جائیگی، جس کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے کہا کہ شوگر ملز مالکان یوٹیلٹی اسٹورز کو کم نرخوں پر چینی دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی مداخلت سے شوگر مالکان سستے داموں چینی دینے کو تیار ہوئے ہیں، جہانگیر ترین نے وزیراعظم کو کہا ہے کہ عوام کیلئے ڈیڑھ ارب کا نقصان برداشت کرنے کو شوگر مالکان تیار ہیں۔ذوالقرنین خان نے کہا کہ جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی اور وہ 67 روپے فی کلو کی قیمت پر چینی دیں گے، جبکہ دیگر شوگر ملز مالکان 70 روپے فی کلو دیں گے۔ذوالقرنین خان نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے یہ چینی مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں مل رہی ہے، مارکیٹ ریٹ 81 روپے کلو ہے جبکہ ہمیں جہانگیر ترین سے 67 روپے کلو میں چینی ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں