لبنان اور اسرائیل کی سرحدوں پر فائرنگ سے حزب اللہ کے 3ارکان زخمی
بیروت (این این آئی) حزب اللہ کے ارکان کے ایک گروپ نے اسرائیل کے ساتھ لبنان کی جنوبی سرحد پر آگ لگا دی اور بارودی سرنگوں کو دھماکے سے اڑا دیا، اسرائیلی ریڈیوکے مطابق واقعہ کے دوران اسرائیلی فورسز نے انتباہی طور پر فائرنگ کی۔غیرملکی خبررساں ادرے کے کے مطابق فائرنگ سے حزب اللہ کے 3 ارکان زخمی ہوگئے۔ لبنانی فوج اوریونیفل فورسز نے شہریوں کو خاردار تاروں کی باڑ کے قریب جانے سے روک دیا،یونیفیل کے میڈیا آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر کانڈیس آرڈیل نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کا امن مشن بلیو لائن کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی پریشان کن رپورٹوں سے آگاہ ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ آرڈیل نے مزید کہا کہ صورتحال اب بہت حساس ہے اور ہم ہر ایک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی ایسی کارروائی کو روکیں جو کسی بھی قسم کے اضافے کا باعث بن سکے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ متعدد مشتبہ افراد لبنان کی سرحد پر حفاظتی باڑ کے قریب پہنچے اور سکیورٹی رکاوٹ والے علاقے پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ فوجی دستوں نے انہیں براہ راست دیکھا اور انہیں دور دھکیلنے کے لیے ذرائع کا استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ افراد کی شناخت معلوم نہیں ہے۔ فوج اسرائیل کی خودمختاری اور حفاظتی باڑ کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے کام جاری رکھے گی۔اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا اس دوران جو ذرائع استعمال کئے گئے وہ ہلاکت خیز نہیں تھے۔


