وزیراعظم کا لاہور میں کورونا ایس او پیز کی پابندیاں مزید سخت کرنیکا حکم

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں کورونا ایس او پیز کی پابندیاں مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب میں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عمران خان کا کہنا تھا عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا ہے ہم تنقید سے گھبرانے والے نہیں، حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود حالات کنٹرول میں ہیں، عثمان بزدار پنجاب کو ایک زبردست ٹیم کے ساتھ اچھے انداز میں چلا رہے ہیں۔ خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 50 ہزار 87، سندھ میں 49 ہزار 256، خیبر پختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44، اسلام آباد میں 7 ہزار 163 جبکہ آزاد کشمیر میں 574 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 39 ہزار 19 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 50 ہزار 56 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔ پنجاب میں 938، سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں