کوہلو میں زیر تعمیر پبلک لائبریری کی عمارت کو نومنتخب چیئرمین کیلئے دفتر بنانا علم دشمنی ہے، نیشنل پارٹی
کوہلو (آن لائن) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما چیئرمین مہراب بلوچ نے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ کوہلو میں زیر تعمیر پبلک لائبریری کی عمارت کو نئے منتخب چیئرمین کے لیے دفتر بنانا علم دشمنی ہے جس کی ہر فورم پر مذمت کرتے ہیں بلوچستان کے دیگر اضلاع میں حکومت کی جانب سے نئی لائبریریاں بنا کر علم کے فروغ کے لیے کام رہے ہیں مگر بد قسمتی سے صوبائی وزیر تعلیم کے اپنے حلقے میں تعلیمی عمارت کو دفتر بنا کر علم کے راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلوچستان وہ بد قسمت صوبہ ہے جہاں پہلے سے شرح خواندگی نہ ہونے کے برابر ہے تعلیمی اداروں میں گٹھن کی ایک فضا برقرار ہونے کی وجہ سے طالبعلموں کی تحقیقی و علمی نشوونما جمود کا شکار ہو چکی ہے، مثبت سرگرمیوں کی فقدان کے باعث بلوچ نوجوان بے راہ روی کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ غیر معاشرتی اعمال کا مرتکب ہو رہی ہے،ایک ایسے ماحول میں جہاں علمی حوالے سے ہرطرف تاریکی ہو لائبریریاں وہ واحد ادارے ہیں جو تمام علم دوست افراد کو ایک پرامن اور پرسکون ماحول مہیا کرتی ہے جہاں وہ اپنی تحقیقی, تخلیقی اور علمی صلاحیتوں کا استعمال کر سکیں اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے حکومت بلوچستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائبریریوں کی افادیت کو سمجھتے ہوئے نئی لائبریری کو فنکشنل کیا جائے لائبریری کی عمارت کو چیئرمین دفتر منتقلی کا نوٹس لے کر اسے ترجیحی بنیادوں پر تیار کرے۔


