کراچی،ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص قتل ،تاجروں کا احتجاج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں نئی سبزی منڈی پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، واقعہ کے خلاف تاجروں نے سپرہائی وے پر دھرنا دے دیا۔ مشتعل مظاہرین نے سپر ہائی وے کے دونوں ٹریک بند کر دیئے۔ احتجاج کے باعث سڑک کے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ٹریفک پولیس نے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد جانے والے ٹریفک کو رم جھم جمالی پل کے قریب سے گزارہ گیا جبکہ حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریفک کو ملیر ماڈل کالونی بھیجا گیا ۔مظاہرین نے کہا کہ سبزی منڈی میں ملزمان نے ٹائر کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ سے ایک جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔مظاہرین نے کہا کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا جس سے سبزی منڈی کے تاجر پریشان ہیں۔شرکا کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے ، ہمیں تحفظ دیا جائے تاکہ پر سکون ماحول میں کاروبار کیا جاسکے۔


