ملازمت کیلئے اسرائیل جانیوالے 5 ملزممان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد
اسلام آباد (یو این اے) ملازمت کیلئے اسرائیل جانے کے معاملے میں گرفتار 5 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی گئیں، ایف آئی اے نے چالان اسپیشل جج اینٹی کرپشن حیدر آباد کی عدالت میں پیش کردیا۔ملازمت کیلئے اسرائیل جانے والے افراد کی ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کے معاملے پر تاحال ایک خاتون سمیت 8 افراد کو جاری ویزوں اور فضائی ٹکٹوں کی تفصیلات موصول نہ ہوسکیں۔رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے ملزمان کیخلاف چالان اسپیشل جج اینٹی کرپشن حیدرآباد کی عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے گرفتار تمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔رپورٹ کے مطابق ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، ذیشان صدیقی، محمد انور اور کامران صدیقی جیل میں قید ہیں، ویزوں کی تفصِیلات کیلئے وزارت خارجہ کے ذریعے کینیا، یو اے ای، سری لنکا اور اردن کیلئے مراسلے جاری کئے گئے تھے تاہم پی آئی اے، ایمریٹس اور قطر ایئرویز نے بھی فضائی سفر سے متعلق تفصیلات اور دستاویزات فراہم نہیں کیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستارہ پروین، محمد اسلم اور عبدالماجد صدیقی کو عمر رسیدہ ہونے کے باعث گرفتار نہیں کیا گیا، تمام ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں میاں بیوی اور بیٹے بھی شامل ہیں۔


