اسلامیہ یونیورسٹی اسکینڈل، قائمہ کمیٹی میں وائس چانسلر کی عدم حاضری، وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں نازیبا تصاویر اسکینڈل پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ پولیس افسران کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پیش نہ ہونے پر وی سی کے وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ مخدوم سید سمیع الحسن کی صدارت میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی نے نازیبا تصاویر کے معاملے پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے اجلاس میں نہ آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ قائمہ کمیٹی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر کے وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے کہا کہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کسی کی نہیں سنتے۔ قائمہ کمیٹی نے جامعہ کے سیکیورٹی انچارج کے پاس طالبات کی نازیبا تصاویر کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے پر ڈی پی او بہالپور کو قائمہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جاسکتے۔ قائمہ کمیٹی نے ہدایت دی کہ چیئرمین ایچ ای سی اس سارے معاملے کی نگرانی کریں۔


