شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت کے حامل ہتھیاروں کی نمائش، روسی و چینی عہدیدار بھی شریک

پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے شمالی کوریا کی فوجی پریڈ کی نگرانی کی جس میں نئے ڈرونز اور پیانگ یانگ کے جوہری صلاحیت کے حامل بین البراعظمی بیلسٹک میزائل شامل تھے، جبکہ روسی اور چینی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ غیر ملکی خبررساں کے مطابق سرکاری میڈیا کی تصاویر میں دیکھا گیا کہ جمعرات کو رات گئے پریڈ میں شمالی کوریا کے 4 نئے فوجی ڈرونز ٹریلرز پر پیانگ یانگ کے کم ال سنگ اسکوائر سے لے جائے گئے جبکہ ایک اور ڈرون فلائی اوور کے اوپر سے گزرتا دکھائی دیا۔ جب ملک کے سب سے طاقتور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے گزرتے ہوئے ہزاروں فوجیوں نے مارچ پاسٹ کیا تو وی آئی پی اسٹینڈز میں روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور چینی پولٹ بیورو کے رکن لی ہونگ ژونگ کے درمیان کھڑے ہو کر کم جونگ ان نے مسکرا کر سیلوٹ کیا۔ ان میزائلز پر اقوام متحدہ کی جانب سے پابندی عائد ہے۔ یہ پروگرام کوریائی جنگ کی جنگ بندی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا جس سے کھلی دشمنی کا خاتمہ ہوا تھا اسے یوم فتح کے طور پر منایا جاتا ہے اور کووڈ 19 وبا کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پریڈ میں غیر ملکی مہمان شریک تھے۔ اس موقع پر شمالی کوریا کے وزیر دفاع کانگ سن نام نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست ہائے متحدہ امریکا ڈی پی آر کے کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرے گا تو اس کے پاس بقا کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے شمالی کوریا کے خلاف مسلح طاقت استعمال کرنے کی کوئی بھی کوشش ایک ناقابل تصور اور غیر متوقع بحران کا باعث بنے گی۔ پریڈ میں نئے ہتھیاروں کا ذخیرہ پیش کیا گیا تھا جس میں سے کچھ پہلی بار پیانگ یانگ میں بدھ کو منعقدہ دفاعی نمائش میں متعارف کرائی گئی تھیں جس کا دورہ روسی اور چینی عہدیدار نے کیا تھا۔ نوروِچ یونیورسٹی میں سیاسیات کے پروفیسر یانگمو کو کا کہنا ہے کہ پریڈ اس معاشی طور پر مشکل وقت میں کم جونگ ان کی حکمرانی کی قانونی حیثیت اور اندرونی اتحاد کو فروغ دینے کا ایک اہم حصہ ہے۔ البتہ ماسکو اور بیجنگ کے اعلی مہمانوں کی شمولیت کے ساتھ پیانگ یانگ امریکس کو یہ اشارہ بھی دے رہا ہے کہ روس اور چین کے ساتھ مضبوط تعلقات کے تحت شمالی کوریا اپنے دشمنوں کے اسٹریٹجک خطرات سے نمٹنے کے لیے عسکری طور پر تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں