تعلیم سے متعلق جعلی خبروں پر توجہ نہ دیں، تصدیق کرائیں؛ ایچ ای سی
اسلام آباد،: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے طلباء اور فیکلٹی کو متنبہ کیا ہے کہ تعلیم دشمن عناصر کی طرف سے وٹس ایپ (WhatsApp) اور سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات اور اعلانات کی تشہیر کی جارہی ہے، اس لیے طلباء کو نصیحت کی جاتی ہے کہ وہ ایچ ای سی سے متعلق تمام معلومات ایچ ای سی کی ویب سائیٹ www.hec.gov.pk سے ضرور دیکھیں اور اُ ن کی تصدیق کریں۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ دنوں پھیلی افواہ کے بالکل برعکس ایچ ای سی کی ویب سائیٹ ہیک (Hack)نہیں ہوئی بلکہ چند تعلیم دشمن عناصر کی طرف سے جعلی اعلانات پر مبنی معلومات فوٹوشاپ (Photoshop)کے ذریعے تیار کیں اور انہیں وٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا۔ اِن جعلی تصاویر کو ایچ ای سی ویب سائیٹ کے اسکرین شاٹ (Screenshot)کے طور پر پیش کیا گیاجس میں ویب سائیٹ کے مشمولات کو توڑ مروڑ کر پیش کیاگیا۔ ایسی جعلی تصاویر میں مختلف موضوعات پر غلط اعلانات مثلا امتحانات کی تنسیخ، آن لائن تعلیم کا اختتام، داخلوں اور وظائف کی فراہمی میں تعطل وغیرہ،درج کیے جارہے ہیں جن کا مقصد صرف پاکستان میں تعلیمی معیار کو نقصان پہنچانا ہے۔
اگرچہ ایچ ای سی کی ویب سائیٹ پر سائبر حملے کیے گیے اور بظاہر یہ حملے ملک سے باہر سرورز (Servers)کی مدد سے جاری ہوئے، تاہم ایچ ای سی کی تکنیکی ٹیم اِن حملوں کے خلاف مسلسل کام کررہی ہے۔
ایچ ای سی کے پروگراموں اور خدمات سے متعلق معلومات کے طالب طلباء، تعلیمی و تحقیقی حلقے، اور عوام کو درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ایچ ای سی کی اصل ویب سائیٹ دیکھے بغیر کسی بھی ایسی معلومات یا اعلانات پر توجہ نہ دیں اور ایچ ای سی کے اقدامات کی معلومات کے لیے صرف مصدقہ سوشل میڈیا صفحات جو کہ ایچ ای سی کی ویب سائیٹ سے منسلک ہیں پر بھروسہ کریں۔ اگر کسی بھی قسم کی معلومات کی تصدیق درکار ہو تو ایچ ای سی کی متعلقہ فوکل پرسن سے رابطہ کریں۔
جعلی اعلانات پر مبنی تمام سرگرمیوں کی رپورٹ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (Federal Investigation Agency) کے سائبر کرائم یونٹ کو کر دی گئی ہے۔


