عمران خان کی ضد، انا اور اقتدار کی بھوک آج انہیں اس مقام پر لے آئی، پرویز خٹک

پشاور (انتخاب نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے ایک بیان میں کہا کہ آج عدالت کے فیصلے نے ثابت کیا کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں، فیصلے آئین و قانون کو سامنے رکھ کر ہوتے ہیں،کرپشن، چوری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف قانون موجود ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فیصلے کرنےکا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے، ہمارا شروع دن سے مو¿قف تھا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ممکن ہے، ضد، انا اور اقتدار کی بھوک آج ان کو اس مقام پر لے آئی، اچھی بھلی پارٹی کو بنانے اور مضبوط کرنے میں برسوں لگے، ہوس اقتدار میں محض ایک سال میں پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا کہنا تھا کہ جس نے ان پر احسان کیا یا وزیراعظم بننے میں مدد کی اسی کو سب کے سامنے رسوا کیا، سب نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر رہو، اسمبلیاں مت توڑو پر انہوں نے کسی کی نہ سنی، اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج ان کو یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔ سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ان کو اب مزیدکسی ایڈونچر کی اجازت نہیں دی جائےگی، معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر اور ٹکٹوں کا لالچ دے کر بیوقوف بنایا گیا، نوجوان صوبے کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی توجہ مرکوز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں