پاکستان کا تصور غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کے بغیر نامکمل ہے،شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا تصور غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کے بغیر نامکمل ہے۔ ہمارے ملک کے جھنڈے میں سفید حصہ ملک میں اقلیتی برادری کی جگہ کی علامت ہے۔بین المذہبی ہم آہنگی ہماری قومی شناخت کی واضح خصوصیت ہے۔پاکستان تکثیریت اور تنوع کا حامی ہے۔ ہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، سیاسی، مذہبی اور معاشی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج ہم اقلیتوں کے قومی دن پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی میں غیر مسلم پاکستانی شہریوں کے کردار کو منا رہے ہیں۔ہماری اقلیتی برادریاں پاکستانی قومیت کا بنیادی حصہ ہیں۔ آزادی کی جد وجہد سے لے کر آج تک پاکستانی اقلیتوں نے ملک کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ دفاع ہو یا تعلیم، صحت ہو یا سماجی خدمت، زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔آج کا دن ہماری توجہ قائد اعظم کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی اس تاریخی تقریر کی جانب مبذول کرتا ہے جس میں انہوں نے نئی ریاستِ پاکستان کے شہریوں کے لیے اصول مرتب کیے تھے۔ پاکستان کے پہلے وزیر قانون جوگندر ناتھ منڈال سے لے کر ڈاکٹر میرا فیلبس تک، ڈاکٹر روتھ فا سے لے کر جسٹس دوراب پٹیل تک، ہمارے ملک کی نامور غیر مسلم شخصیات کی فہرست بہت طویل ہے جن کی عوامی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانا، عوامی پالیسی کا مرکز بن چکا ہے، اور یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے وسائل مختص کیے ہیں اور ان کو بااختیار بنانے کے لیے پالیسیاں نافذ کی ہیں۔اقلیتوں کے قومی دن پر میں قوم کی تعمیر میں غیر مسلم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا یقین دلاتا ہوں۔میں معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ کسی قوم میں اتحاد کے جذبے سے زیادہ طاقتور کوئی چیز نہیں ہے، کیونکہ یہ اس کے تخیل کو طاقت بخشتی ہے اور مشکلات پر قابو پانے کے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔ قائد اعظم کا نصب العین اتحاد، ایمان اور نظم، ہمیں مشکلات سے نمٹنے کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں