اس سرزمین کا مالک بلوچ ہے، نفرتیں کون پیدا کررہا ہے، ماجد جوہر کو رہا کیا جائے، جماعت اسلامی گوادر

گوادر (نمائندہ انتخاب) میونسپل کمیٹی گوادر کے وائس چیئرمین عبدالماجد جوہر کی رہائی کیلئے جماعت اسلامی گوادر کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرے سے حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلہ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا لیاقت بلوچ، کونسلر اصغر طیب اور یونس حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائس چیئرمین ماجد جوہر کا قصور یہ ہے کہ ماجد جوہر نے گوادر کے عوام کے حقوق کیلئے جمہوری جدوجہد کرتے ہوئے آواز بلند کی۔ اگر جمہوری جدوجہد جرم ہے تو یہ جرم کا سلسلہ جاری رہے گا، ماجد جمہوری مزاحمتی جدوجہد کا استعارہ ہے، تاریخ میں لکھا جائیگا کہ ایک نوجوان نے گوادر کے عوام کے حقوق کیلئے جیل کی صعوبتیں کاٹی جبکہ ایک اور تاریخ لکھی گئی ہے کہ 26 دسمبر 2022ءکو نام نہاد منتخب نمائندوں کے ایماءپر گوادر کے عوام پر آپریشن کیا گیا، خواتین پر تشدد کیا گیا۔ ظلم اور جبر کی دیواریں کھوکھلی ہوا کرتی ہیں۔ اس سرزمین کا مالک بلوچ ہے۔ نفرتیں کون پیدا کررہا ہے سب کے سامنے عیاں ہے۔ گوادر کے نام پر یونیورسٹی لاہور میں اور ریلوے بھی لاہور میں۔ گوادر کے عوام آج بھی بجلی اور پانی سے محروم ہیں۔ پہلے بلوچستان کے نوجوان لاپتہ ہوا کرتے تھے، اب یونیورسٹی اور آبادی بھی لاپتہ ہوتی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں