پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اس دن ہم بانیان ِ پاکستان اور تحریک ِپاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں،جنہوں نے مشکلات اور ظلم کا سامنا کیا اور پاکستان کے حصول کیلئے بے پناہ چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا، ان لوگوں کی داستانیں ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان اپنے لیے ایک ایسا وطن چاہتے تھے جہاں وہ آزادی سے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق ترتیب دے سکیں۔ یہ دن نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی کاوشوں کے منطقی انجام کی علامت ہے۔آج کا یہ دن ہمیں خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح ، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ یہی وقت ہے کہ ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں ۔ میں اپنے ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔ آئیں ، عہد کریں کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، عفو و درگزر، سماجی و اقتصادی انصاف، اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے ۔آئیں ، آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔ 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی قانونی حیثیت کو ختم کرنے سمیت بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے ماورائے عدالت قتل، تشدد اور غیر قانونی حراستوں کی صورت میں وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید خراب کیاہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ان کے جائز حق خودارادیت کیلئے غیر متزلزل اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔اس موقع پر میں پوری پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں۔ آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ لہذا ، آئیں عزم کریں کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


