این اے 131گنتی کیس ،سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست نمٹا دی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔ چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں این اے 131 لاہور دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے وکیل بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ گنتی کی اپیل تو اب غیرموثر ہو چکی۔وکیل بابر اعوان نے جواب دیا کہ جی سر بالکل غیرموثرہو چکی ہے، اجازت دیں تو معاملہ پر چیئرمین پی ٹی آئی سے نئی ہدایات لے لوں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے، اسمبلی تحلیل کے بعد اس معاملے پر مزید کیا ہو سکتا ہے، اب نئے انتخابات کا انتظار کرنا چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ نئے انتخابات کا تو ہمیں بھی بے صبری سے انتظار ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے این اے131 میں دوبارہ گنتی کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی۔لاہور ہائی کورٹ نے سعد رفیق کی درخواست پر این اے131 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔


