پشین شہر ٹارگٹ کلنگ اور بے امنی کے واقعات میں اضافہ پولیس کیلئے سوالیہ نشان ہے، آل پارٹیز
پشین (این این آئی) آل پارٹیز میں شامل پشین کے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پشین شہر سمیت علاقے میں بدامنی، پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پشین شہر میں دھرنا دیتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے سے جمعیت علماءاسلام کے صوبائی سینئر نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ مولانا کمال الدین، ضلعی امیر مولانا عزیز اللہ حنفی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پشین کے ضلعی سیکرٹری عمرخان ترین، سینئر معاون سیکرٹری اور ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل پشین ملک منظور احمد اچکزئی بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماءاور سابق ضلعی ناظم ڈاکٹر گوہر اعجاز کاکڑ ، مئیر میونسپل کارپوریشن پشین سردار اکبر خان ترین، حیات اللہ کاکڑ، نصیب اللہ کلیوال، انجمن تاجران کے رہنماو¿ں اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین شہر میں یکے بعد دیگرے پشین پولیس کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور ملزمان کا باآسانی فرار ہونا ضلعی انتظامیہ اور پولیس کیلئے سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا کہ پشین صوبے کے سب سے پرامن اضلاع میں سے ایک تھا، لیکن گزشتہ چند عرصے سے علاقے کی آمن وامان کی صورتحال روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے، دن دھاڑے مقامی فورسز کے اہلکاروں سمیت لوگوں کو قتل کرکے ملزمان فرار ہو جاتے ہیں، آج تک ایک ملزم کو بھی گرفتار نہیں کیا جاسکا، جس کے باعث گزشتہ چند عرصے سے پولیس اہلکاروں اور لیویز تھانوں پر حملوں سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ جب پولیس اور لیویز اہلکار خود محفوظ نہیں تو وہ عام لوگوں کی حفاظت کی زمہ داری کیسے نبھائیں گے۔ مقررین نے انتظامی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فورسز پر حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے علاقے کی پرامن فضائ کو خراب کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر پشین طارق جاوید مینگل اور ایس پی پشین عبدالحلیم اچکزئی کی ملزمان کی گرفتاری کی یقین دھانی پر مظاہرین نے منتشر ہوکر احتجاج موخر کردی۔


