تربت یوسی جمک میں تعلیمی بحران اور اساتذہ کی کمی، تدریسی عمل متاثر ہونے سے طلبا کا مستقبل تاریک ہونے لگا
تربت (انتخاب نیوز) گورنمنٹ مڈل اسکول جمک میں گزشتہ کئی سال سے نئے اساتذہ اور ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی عمل میں نہیں آسکی ہے جس سے بچوں کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں نے یوسی چیئرمین، ضلعی چیئرمین اور دیگر سے مطالبہ کیا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر تعلیم کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائیں اور بچوں کے مستقبل کیلئے جلد نئے ٹیچرز اور ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے، تاکہ یوسی جمک کے پسماندہ طلباءو طالبات تعلیم جیسی نعمت سے محروم نہ ہوجائیں۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تربت شہر سے تقریباً 100 کلومیٹر دور واقع یوسی جامک کو اپنے سرکاری اسکولوں میں اہم مسائل کا سامنا ہے۔ ان اسکولوں میں قابل اساتذہ اور ضروری سہولیات کی کمی ہے، جیسے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول سری کلگ اور گورکوپ جو 60 سے 70 کلو میٹر جمک سے دور قائم ہیں۔ مگر افسوس کی بات، ہائی اسکول کا درجہ ہوتے ہوئے مڈل اسکول کا عملہ بھی پورا نہیں ہے۔ اسی طرح گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول جمک گزشتہ کئی سال سے بدحالی کا شکار ہے، جہاں تعلیمی بحران کی وجہ سے غریب لوگ بکریاں چرانے پر مجبور ہیں، نہ محکمہ تعلیم کی جانب سے توجہ دی جارہی ہے اور نہ ہی صوبائی وزرا کی، عدم توجہ کے نتیجے میں ایک دہائی سے اسکول میں ہیڈ ماسٹر کی جگہ خالی ہے، جہاں مڈل اسکول جمک میں انتہائی حد تک تعلیمی عمل متاثر ہوچکا ہے۔ دوسری جانب ہائر کلاس کا کوئی بھی ٹیچر نہیں ہے، صرف تین استاد ہیں وہ بھی پرائمری سطح کے۔ اسکول کے دیگر دفتری کاموں سے بھی کوئی سروکار نہیں، زیادہ تر اوقات یہاں کبھی ایک مضمون اور کبھی دو مضمون کی ہی کلاس لگتی ہے، نتیجتاً جمک کے بچوں کا تعلیمی نظام بجائے بہتری کے بد سے بد تر ہوتا جارہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ محکمہ تعلیم اس اسکول اور اس کے طالب علم کے مستقبل کے ساتھ مذاق کررہا ہے کیونکہ گزشتہ کئی سال جب سے اسکول کا درجہ مڈل اسکول کا ہوا ہے تب سے محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کی تعداد کو بڑھانے کے بجائے کم ہی کیا جارہا ہے۔ گورنمنٹ اسکول جمک میں پہلے 19 استاد تھے اور اب حال یہ ہے کہ اسکول میں پانچ استاد بھی موجود نہیں اور 100 کے قریب بچے، بچیاں ہیں۔ یہاں اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے بچے بس اسکول کا چکر ہی لگا کر واپس چلے جاتے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف لڑکوں کے اسکولوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ گورنمنٹ گرلز اسکول کو بھی انہی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل کی روشنی میں ضلعی چیئرمین ہوتمان بلوچ اور یوسی چیئرمین شوکت فیروز اور دیگر معتبر شخصیات سے گزارش کرتے ہیں کہ یوسی جمک کے لوگوں کے مستقبل کو بہتر بنانے میں تعلیم جیسی نعمت اور بنیادی سہولیات مہیا کرنے میں حکام بالا کی توجہ مبذول کرائیں تاکہ اس جدید دور میں یوسی جمک کے عوام بہتر زندگی جی سکیں۔


