چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اختر مینگل کو منانے کیلئے میدان میں آگئے

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی اور انہیں حکومت سے اختلافات دور کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔ذرائع کے مطاب ملاقات کے دوران بی این پی مینگل کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو حکومت کی دوبارہ حمایت کرنے کے لیے فوری یقین دہانی سے معذرت کرلی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ اب وزیر اعظم سے ملاقات کرکے انہیں اختر مینگل کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی وفد آج اختر مینگل سے ملاقات کرے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے اختر مینگل نے تحریک انصاف اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا تھا کہ میں آج ایوان میں پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے۔اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت نے ہمارے ساتھ بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے معاہدہ کیا تھا۔ کیا ان معاہدوں پر عملدرآمد کیا گیا؟ اس معاہدے پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور یار محمد رند کے دستخط ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم کوئی کالونی نہیں ہیں ہمیں اس ملک کا شہری سمجھا جائے۔ ہم نے دو سال انتظار کیا لیکن ابھی بھی وقت مانگا جارہا ہے۔اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور ہم نے اسے سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارے نکات سے بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہونے تھے لیکن ہمیں ساتھ لے کر تو چلا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں