ثروت گیلانی نے سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی مایاناز اداکارہ ثروت گیلانی نے سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ جب میں سیاست میں آؤں گی تو تعلیم کو ہر ایک کے لئے مفت کروں گی۔گزشتہ دنوں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والی اداکارہ ثروت گیلانی نے دوران شو سیاست میں قدم رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے ایک سوال کہ ’ کیا وہ مستقبل میں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں؟‘، کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے شمولیت کی پیشکش ہوئی ہیں تاہم ابھی سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں فی الحال باضابطہ طور پر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی لیکن مستقبل میں اپنی پارٹی بنانے کا ارادہ ضرور ہے۔ صرف یہی نہیں، میری پارٹی کا منشور پاکستان میں ہر ایک کے لیے تعلیم کو یقینی بنانا ہوگا۔ثروت گیلانی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 20 برسوں سے ڈراموں میں متاثرہ خاتون کا کردار ادا کرتے ہوئے تھک چکی ہیں اور اب اپنی توجہ بچوں اور خواتین کی تعلیم پر مرکوز کر دی ہے۔