ایئر ٹریفک کنٹرول نظام میں فنی خرابی، برطانیہ بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی مسائل کے باعث برطانیہ بھر میں سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئی۔ برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ہمیں اس وقت ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا ہے جس کے باعث فضائی ٹریفک کو محدود کیا گیا ہے۔ خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے مگر ابھی واضح نہیں کہ کب تک مسئلہ حل ہوجائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس تکنیکی مسئلے کے باعث فلائٹ پلان کو خودکار طور پر پراسیس کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 500 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جن میں سے 232 کو برطانیہ سے دیگر ممالک جانا تھا جبکہ 271 کو برطانیہ پہنچنا تھا۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے ایئر ٹریفک کنٹرول کرنے والے ادارے AirNav نے بتایا کہ برطانیہ میں تکنیکی خرابی کے باعث یورپ بھر میں پروازوں کو تاخیر کا سامنا ہو رہا ہے۔ آئرش ادارے کے مطابق ان یورپی پروازوں کو تاخیر کا سامنا ہو رہا ہے جن کو برطانوی فضائی حدود سے گزرنا ہے۔ لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایئر پورٹ کی جانب سے مسافروں کو زحمت سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔


